ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا ہےکہ سندھ میں گورنر شپ ہمارا حق ہے اس سے دستبردار نہیں ہوں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری بہت اچھا کام کررہے ہیں، ان کی بطورگورنرکارکردگی عمدہ ہے اس لیے ان ہی کو آگے چلنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے سندھ کی گورنری کے معاملے پر کوئی بحث ہو، ایم کیو ایم کے پاس کراچی کا 80 فیصد اور حیدرآباد کا 100 فیصد مینڈیٹ ہے اور سندھ میں گورنر شپ متحدہ کا حق ہے، اس سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ڈیڈ لاک کوئی نہیں ہے معاملاتِ طے پا جائیں گے، ہمارا مطالبہ بلدیاتی اداروں کو خودمختار اور مضبوط کرنے کے لیے تین آئینی ترامیم پر حمایت حاصل کرنا ہے، ایم کیو ایم کی کوئی ڈیمانڈ نہیں، ہم اصول پر بات کررہے ہیں ہمارا مقصد اپنے حلقوں میں عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا فارمولہ بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میں برائے نام نہیں رہنا چاہتے، ہماری توجہ لوگوں کو کیسے ڈیلیور کرنا ہے اس پر ہے، ایسا نہ ہو نام کہ حکومت میں ہوں اور عوام کو کچھ ڈیلیور نہ کرسکیں۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم الیکشن سے پہلے سے (ن) لیگ کے ساتھ کھڑی ہے، صرف نمبر پورے کرکے حکومت بنانا ہی کافی نہیں اسےچلانا بھی ہے، آئیڈیل صورتحال یہ ہے کہ وزارتیں نہ لیں اور حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ یہ حکومت پھولوں کی سیج ثابت نہیں ہوگی۔