پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردارلطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ غلط فہمی دور کرلیں بانی پی ٹی آئی کے بغیر حکومت اور جمہوریت نہیں چل سکتی ، ملک کی بڑی سیاسی جماعت کو آپ مائنس نہیں کرسکتے ۔الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو ووٹوں کی گنتی کے دوران باہر نکال دیا گیا، الیکشن میں تحریک انصاف کو ہاتھ پاؤں باندھ کر میدان جنگ میں اتارا گیا، عوام نے بھرپور انداز میں بتایا کہ ظلم کا بدلہ ووٹ سے لیں گے، عوام نے ظلم کا بدلہ ووٹ سے لیا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو تسلسل سے پابند سلاسل کیا گیا، عوام نے بتایا بانی پی ٹی آئی نہ باغی ہیں نہ مجرم، انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کو ایک ہفتے میں تین سزائیں دی گئی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی سزاؤں کو کالعدم قرار دیا جائے، ہم آزاد نہیں ہیں یہ شوشہ انہوں نے کس طرح ایجاد کردیا، ہم نے کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی لکھا تھا، ہم سے صرف بلا لیا گیا ، ہم بلا لینے گئے تھے انہوں نے سارا جہیز کا سامان دے دیا، اس الیکشن میں ووٹرز خود امیدوار کو ڈھونڈ رہے تھے۔