کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے میں ایک بچے اور خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ گلشن اقبال میں لیمو گوٹھ کے قریب بارودی مواد کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
دھماکے میں بچے سمیت دو افراد زخمی ہوئے تھے لیکن دوران علاج بچہ اور خاتون دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔دھماکے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا اور پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا۔
ڈی آئی جی شرقی نے دھماکے کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزم گرینیڈ لے کر باہر نکل رہا تھا کہ اس کے ہاتھ میں ہی گرینیڈ پھٹ گیا۔ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق مشکوک شخص کی شناخت فاروق کے نام سے ہوئی ہے جو حاجی لیموں گوٹھ کا ہی رہائشی ہے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوع سے بم کے ٹکڑے برآمد ہوئے ہیں اور پھٹنے والا دستی بم روسی ساختہ ہے۔واضح رہے کہ یہ دھماکا ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب تقریباً اگلے 12 گھنٹوں کے اندر پاکستان کے عوام عام انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
اس دھماکے سے قبل بلوچستان میں قلعہ سیف اللہ اور پشین میں بھی دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں کم از کم 28 افراد جاں بحق اور 43 زخمی ہو گئے تھے۔