وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہر ڈویژن میں بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر قائم کیے جائیں گے ۔ محسن نقوی کی زیر صدار ت پنجاب چیمبرز کو آرڈینیشن کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پنجاب کی تمام کابینہ، صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر، بلال افضل، اظفر علی ناصر ڈاکٹر جاوید اکرم، منصور قادر، ابراہیم مراد، مشیرکنور دلشاد، وہاب ریاض نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، چیمبرز آف کامرس کے عہدیداران اور متعلقہ سیکرٹریز نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔شرکا کی جانب سے کھڑے ہو کر محسن نقوی کی بے مثال کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کمیٹی ارکان کاشف انور کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 6 بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا قیام محسن نقوی کا کریڈٹ ہے، محسن نقوی نے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے شب و روز کام کر کے مثال قائم کی۔ صدر سرگودھا چیمبر امتیاز ڈوگر کا کہنا تھا کہ جب سے پاکستان بنا کسی وزیراعلیٰ نے اتنا کام نہیں کیا۔ محسن نقوی قابل تقلید مثالیں چھوڑ کر جا رہے ہیں۔شمیم آفتاب صدر وویمن چیمبر سرگودھا کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے کم وقت میں زیادہ کام کرکے دکھایا ہے۔ کسی نگران حکومت کی کارکردگی ایسی نہیں تھی۔
محسن نقوی نے حیران کن سپیڈ کے ساتھ کام کیا۔ پنجاب کی تاریخ میں ایسا بہترین وزیراعلیٰ نہیں آیا۔اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تاجر و صنعتکار ملکی معیشت کی بہتری کیلئے قابل عمل کردار ادا کرسکتے ہیں۔ وویمن انٹر پرینور کیلئے ریسورس سنٹر قائم کرنے کا جائزہ لیں گے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر قائم کیے جارہے ہیں۔ 45دن میں 6بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرقائم کرکے فنکشنل کر دئیے گئے ہیں، صنعتکاروں کو 124این او سی ایک چھت تلے میسر ہوں گے۔صنعتکاروں اور تاجر برادری نے کاروبار کے فروغ کیلئے تجاویز، سفارشات پیش کیں وزیراعلیٰ نے تجاویز کو نوٹ کرتے ہوئے قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کروائی۔