مچھ میں سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن، ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 21 ہو گئی

مچھ میں سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن، ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 21 ہو گئی

بلوچستان کے علاقے مچھ میں سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن کا سلسلہ جاری ہے جس میں آج مزید 12 دہشت گرد مارے گئے جس کے بعد کل سے اب تک ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ڈان نیوز کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مچھ میں بروقت کاروائیاں کر کے دہشت گردوں کے حملوں کو ناکام بنا دیا جس کے نتیجے میں دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔دہشت گردوں کے خلاف 30جنوری کو کیے گئے آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے اور آج سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید 12 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے اور عوام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے تک آپریشن جاری رہے گا۔یاد رہے کہ دو دن قبل بلوچستان کے ضلع بولان میں سیکیورٹی فورسز نے مچھ جیل پر کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا تھا۔

حملہ آوروں نے جیل کے مرکزی دروازے اور باؤنڈری وال پر راکٹ برسائے تھے، حملے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق اور ایک بچے سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔بعد میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی کلیئرنس آپریشن کر کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

-- مزید آگے پہنچایے --