پنجاب کی نگران حکومت نے عام انتخابات کے موقع پر صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے 4 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب کی نگران کابینہ نے صوبے بھر کے نجی و سرکاری اسکول، کالجز اور جامعات 6 فروری سے 9 فروری تک بند رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے کہا کہ عام انتخابات کیلئے پنجاب میں اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز 6 سے 9 فروری تک بند رہیں گے، انتخابات کیلئے تعطیلات کا اطلاق تمام سرکاری اور پرائیوٹ تعلیمی اداروں پر ہوگا۔محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے تعلیمی اداروں میں تعطیلات کی مںظوری دے دی ہے، اسکولز کھولنے کیلئے ساڑھے 9 بجے کے اوقات کا اطلاق 3 فروری تک ہو گا، اس کے بعد اسکولز اپنے ریگولر اوقات کے مطابق کھلیں گے۔