پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کو بلوچستان کے حکام نے اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا۔چمن کے اسسٹنٹ کمشنر زوہیب کبزئی کے مطابق منظور پشتین کو آج صبح اسلام آباد پولیس کے حوالے کیاگیا، وہ مختلف مقدمات میں اسلام آباد پولیس کو مطلوب تھے۔
انہوں نے کہا کہ منظور پشتین جو سخت سکیورٹی میں رات گئے قلعہ سیف اللہ منتقل کیا تھا، انہیں کوئٹہ لے جاکر قانونی کارروائی کے بعد محکمہ داخلہ نے صوبہ بدری کا فیصلہ کیا۔ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ نے کہا کہ قلعہ سیف اللہ انتظامیہ نے رات کو ہی منظورپشتین کو ژوب منتقل کردیا تھا، داناسر کے مقام پر خیبر پختونخوا پولیس کی موجودگی میں اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا گیا۔
ان کا کہنا تھاکہ صوبہ بدری کا فیصلہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز چمن میں منظور پشتین کو اہلکاروں پر فائرنگ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔