امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا کہ امریکہ میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء نہ صرف پاکستان کو امریکہ سے جوڑتے ہیں بلکہ اپنے تجربات اور وسیع مہارت کو برؤے کار لاتے ہوئے ملک کی خدمت کرتے ہیں۔
انہوں نے امریکہ میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاک امریکہ تعلقات کو مستحکم کرنے، دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے اور پاکستان کے حقیقی تشخص کو پیش کرنے میں کوششوں کو تقویت دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ ملک اور پاک امریکہ تعلقات کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے یہ بات امریکہ بھر کی پندرہ معروف یونیورسٹیوں اور کالجوں سے تعلق رکھنے والے پچاس کے قریب پاکستانی طلباء سے ورچوئل ملاقات کے دوران کہی۔ یہ طلبا پاکستانی سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کولیشن کی وساطت سے سفیر پاکستان سے ملاقات کررہے تھے۔
پی ایس اے سی امریکہ میں پاکستانی طلباء کا سب سے بڑا اتحاد ہے جس کے اراکین مختلف امریکی تعلیمی اداروں کی نمائندگی کرتے ہیں جن میں بروکلین، کوئنز، ہنٹر کالج، بارچ کالج، سٹی کالج، کولمبیا یونیورسٹی، ہارورڈ یونیورسٹی، یو سی برکلے، سوارتھمور کالج، منروا یونیورسٹی، سیراکیوز اور دیگر تعلیمی ادارے شامل ہیں۔
سفیر پاکستان نے پاکستانی طلبا ایسوسی ایشنز کو ایک پلیٹ پر متحد کرنے کے اقدام پر پی ایس اے سی کو سراہا ۔ انہوں نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا بنیادی مقصد اپنے تعلیمی شعبہ جات میں سبقت حاصل کرنا ہے ۔ اس مقصد کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔اس کے ساتھ ساتھ آپ پر یہ ذمہ داری بھی ہے کہ آپ اپنے کیمپس کے اندر اور باہر امریکہ کے بھرپور تعلیمی ماحول سے مستفید ہوں۔ یہاں کے قوانین کا مکمل احترام کریں اور پاکستان کی حقیقی تصویر پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستان اور اس کے لوگوں کے بارے میں غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں اور پاکستانی طلباء پاکستان کے اصل تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ میں سے ہر ایک ملک کا سفیر ہے۔ آپ کا طرز عمل بحیثیت قوم ہمارے تشخص کی نمائندگی کرے گا۔ یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے جس کا آپ کو ادراک ہونا چاہیے۔
سفیر نےطلباء کو پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں بشمول تجارتی تعلقات اور تعلقات کی اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
ایک طالب علم کے سوال کے جواب میں سفیر پاکستان نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ پڑھائی میں اپنی شناخت بنائیں، پاک امریکہ تعلقات کو مستحکم کرنے میں اپنا حصہ ڈالیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں۔ پاکستان کے نوجوانوں سے تعلق اور روابط کو مضبوط بنائیں ان کے خیالات اور تحفظات کو سمجھنے کی کوشش کریں ، ان کی امنگوں کو ہم آہنگ کرنے کی کوشش کریں اور مختلف سطحوں پر انہیں پالیسی کے عمل میں تبدیل کریں۔
سفیر نے ان طلباء جو جلد ہی عملی زندگی میں قدم رکھنے والے ہیں پر زور دیا کہ وہ پیشہ ور افراد اور کاروباری تنظیموں مثلاً اوپن اور اپنا کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ وہ اپنی نیٹ ورکنگ کو مزید بہتر بنا سکیں اور میسر مواقع سے مستفید ہوسکیں۔
سفیر پاکستان نے ملاقات کے اہتمام پر پی ایس اے سی کے صدر اریب شاہد کا شکریہ ادا کیا اور پی ایس اے سی کے مقاصد کو آگے بڑھانے میں ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔