نگران وزیراعظم  کاکڑ کی مالدیپ کے صدر سے ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

نگران وزیراعظم کاکڑ کی مالدیپ کے صدر سے ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

 نگران وزیراعظم انوارالحق کی دبئی میں کوپ 28 کے موقع پر مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات ہوئی۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ملاقات کے دوران مالدیپ کے صدر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان موجود خیر سگالی سے فائدہ اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے مکالمے اور باہمی طور پر فائدہ مند تعاون بالخصوص اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیاحت کے شعبوں میں تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی اور کلائمیٹ جسٹس کے حوالے سے نتیجہ خیز نتائج پر پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے باہمی تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں میں مینگرووز اور دیگر موسمیاتی مزاحمتی پودوں کی شجرکاری کے شعبے میں مہارت کے اشتراک پر تبادلہ خیال کیا۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مالدیپ کے صدر کو پاکستان کی جانب سے مالدیپ حکومت اور عوام کو مکمل حمایت کا یقین دلایا، دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون کے ذریعے جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کو فروغ دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔مالدیپ کے صدر نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے پرتپاک جذبات کا اظہار کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --