جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ نیب نے کہا نواز شریف کے خلاف کچھ ثبوت نہیں تھے، آج نیب کی حقیقت اور چہرہ آشکار ہوچکا۔مولانا فضل الرحمان نے طوفان اقصیٰ و شہید اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مجاہدوں کو پیغام ہےکہ پاکستانی عوام آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اورپاکستانی کبھی آپ کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔انہوں نے ملکی سیاسی صورتحال پر کہا کہ الیکشن لڑنا چاہتے ہیں لیکن لوگوں کو گھروں سے نکلنے کی اجازت بھی تو دو ، تسلیم کرنا ہوگا 75 سال کا تجربہ غلط رہا۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نیب نےکہا نواز شریف کےخلاف کچھ ثبوت نہیں تھے، آج نیب کی حقیقت اور چہرہ آشکار ہو چکا ہے اسی لیے ہم نے ہمیشہ نیب کا خاتمہ کرنے کا کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مادر پدر آزاد معاشرہ تشکیل دینے کی کوشش کی گئی، یہاں اسلامی تہذیب کے علاوہ کوئی تہذیب نہیں چلے گی، یہ ہمارا مذاق اڑاتے تھے اور کہتے تھے یہ بارواں کھلاڑی ہے، اب کون ہے بارواں کھلاڑی؟ اب ہاتھ میں بلا نہیں بلی ہے۔جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کے لیے پرُ امن ماحول چاہیے، ہمیں ملک کو امن بھی دینا ہے اورخوشحال معیشت بھی، ہم اللہ کی مدد سے یہ مقصد حاصل کرکے رہیں گے، ہم جمہوری لوگ ہیں، جمہوریت کا احترام کرتے ہیں اور ہم الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، 2018 میں اس لیے آواز بلند کی تھی، کیا یہ ہمارا حق نہیں کہ ہم یہ مطالبہ کریں، حالات کو اب بدلنا ہوگا اب ملک کی سیاست کو بدلنا ہوگا۔