سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہاہے کہ کسی کوعلم نہیں تھا تحریک انصاف تحریک تباہی بن جائے گی۔لیول پلیئنگ فیلڈ یہ ہے کہ نواز شریف اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہو رہے ہیں اور میں، انصاف کے لیے لاہور کی عدالت میں پیش ہوا، ہمیں عدلیہ کا بے حد احترام ہے اور ہمیشہ کیا ، ہم عدالتوں میں حاضری کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ نواز شریف سے لے کر پورے شریف خاندان نے جو صعوبتیں جھیلیں وہ ریکارڈ کا حصہ ہیں، میاں نواز شریف کو ہتھکڑیاں لگوائی گئیں ، جیلیں کاٹیں، انہوں نے خود کو قانون کے سامنے پیش کر دیا ہے، نواز شریف کی مخالفت اور دشمنی میں بلوچستان کی حکومت بھی گرا دی گئی۔احتساب عدالت کے باہر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے آلہ کاروں کی سہولت کاری ملک دشمنی ہے، 9 مئی کو ایک سازش کی گئی، 9 مئی کو فوج میں تختہ الٹنے کی سازش کی گئی، غداری تو کوئی جمہوری حکومت بھی برداشت نہیں کرتی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ان شا اللہ انتخابی مہم میں اپنے منشور کا اعلان کریں گے، الیکشن بروقت ہونے چاہئیں، ہم پوری تیاری کے ساتھ انتخابی مہم میں داخل ہو رہے ہیں۔