اسرائیل کا دورہ کرنے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک کو حماس نے بھی غزہ کا دورہ کرنے کی دعوت دے دی۔حماس کے ترجمان اسامہ حمدان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایلون مسک نے جیسے اسرائیل کا دورہ کیا اب غزہ کا دورہ بھی کریں اور غزہ جا کر اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی تباہی دیکھیں، غزہ میں اسرائیل فلسطینی مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے۔
اسامہ حمدان نے مزید کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل اپنا کوئی مقصد حاصل نہیں کر سکا اور عسکری، سیاسی لحاظ سے بری طرح ناکام ہوا ہے، مسلم اور عرب ممالک او آئی سی اجلاس کی قراردادوں پر عمل کریں، غزہ میں یومیہ امدادی ٹرکوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔
حماس کے ترجمان نے کہا ہے کہ زمینی کارروائی میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد بتائی گئی تعداد سے کہیں زیادہ ہے، اسرائیل کے ایک ہزار سے زیادہ فوجی زخمی ہوئے ہیں، زخمی فوجیوں میں 200 شدید زخمی ہیں، دشمن کا نقصان آنے والے دنوں میں مزید بڑھے گا۔واضح رہے کہ ایلون مسک نے ایک روز قبل اسرائیل کا دورہ کیا تھا جس کے دوران وہ ان علاقوں میں گئے جہاں 7 اکتوبر کو حماس نے آپریشن طوفان الاقصی کیا تھا، اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ ایلون مسک مزید علاقوں میں بھی گئے، مسک نے اسرائیل کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔