نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لبرٹی میں پولیس خدمت مرکز کا اچانک دورہ کیا، مرکز میں ناقص انتظامات اور درخواستوں پر تاخیر سے کارروائی کی شکایات پر وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد پر پولیس خدمت مرکز میں رش لگا ہوا تھا، شہریوں نے درخواستوں پر کارروائی میں تاخیر کی شکایات کیں، بعض شہریوں نے چار چار گھنٹے کے انتظار کے حوالے سے شکایات کیں جس پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے برہمی کا اظہار کیا اور سی ٹی او کو فوری طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس کو بھی فون کیا اور پولیس خدمت مرکز کو 24 گھنٹے آپریشنل رکھنے کی ہدایت کی۔
نگران وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کاؤنٹرز پرعملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، شہریوں کے کام کو جلد نمٹایا جائے تاکہ انہیں بلاجواز انتظار کی زحمت نہ اٹھانی پڑے۔محسن نقوی نے گارڈن ٹاؤن میں قائم پولیس خدمت مرکز کو بھی 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خدمت مرکز میں آئے لوگوں سے ملاقات کی اور خدمت مرکز میں درخواستوں پر کارروائی کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے تحفظ مرکز، میثاق مرکز، ویٹنگ روم اور کاونٹرز کا بھی معائنہ کیا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب نےعملے کو شہریوں کی درخواستوں پر جلد کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔