شمالی کوریا جاسوس سیٹلائٹ لانچ کرنے میں کامیاب

شمالی کوریا جاسوس سیٹلائٹ لانچ کرنے میں کامیاب

شمالی کوریا نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ دو ناکامیوں کے بعد ایک فوجی جاسوس سیٹلائٹ کو مدار میں ڈالنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔خبررساں ادارے نے بتایا کہ گزشتہ روز شمالی صوبے فیوگان سے ایک راکٹ مالیگیونگ ون نامی جاسوسی سیٹلائٹ کو لے کر اڑا اور مقررہ راستے سے ہوتےہوئے کامیابی سے سیٹلائٹ کو مدار میں رکھ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین کے ہمرا ہ اس مشن کو دیکھنے کے لیے موجود تھے۔ شمالی جنوبی کوریا پر اپنی نگرانی کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے “تھوڑے ہی عرصے میں” مزید سیٹلائٹ لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

گزشتہ ستمبر میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے غیر معمولی دورہ روس کے بعد سیٹلائٹ روانہ کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا گیا جہاں انہوں نے ایک جدید خلائی لانچ سینٹر کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا تھا کہ وہ پیونگ یانگ کو سیٹلائٹ کی تیاری میں مدد فراہم کریں گے۔شمالی کوریا نے اس سال ریکارڈ تعداد میں ہتھیاروں کے تجربات کیے ہیں۔یاد رہے کہ شمالی کوریا نے سن 2006 میں اپنے جوہری ہتھیاروں کا پہلا تجربہ کیا تھا، جس کے رد عمل میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس کے خلاف متعدد قراردادیں منظور کیں، جن میں اس سے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگراموں کو روکنے کا بھی مطالبہ شامل تھا۔

-- مزید آگے پہنچایے --