نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیرصدارت گوجرانوالہ میں پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا، پنجاب کابینہ نے گندم کی کم ازکم امدادی قیمت 4 ہزار روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دیدی۔نگران وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ کے لئے 4 پراجیکٹس کا اعلان کیا، گوجرانوالہ میں 2 ماڈل قبرستان، سبزی منڈی، گوالہ کالونی بنانے کی منظوری دیدی، ڈسکہ میں پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس کی منظوری دی گئی
محسن نقوی نے کہا کہ ڈی پی ایس گوجرانوالہ کے لئے 24 نئے کلاس رومز بنائے جائیں گے۔اجلاس میں دوران سروس وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین کے لئے مالی امداد کے پیکیج میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا، فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کے لئے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ آرٹسٹ انڈوومنٹ فنڈ سے مستحق فنکاروں کی معاونت کی جائے گی، لاہور میں دل کا ایک اور ہسپتال بنے گا، جناح ہسپتال لاہورکے ایمرجنسی اینڈ ٹراما سینٹر کی جگہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کی بھی منظوری دیدی گئی، میوہسپتال کی 7 برس سے بند سی ٹی سکین مشین کو آپریشنل کرنے کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری بھی دی گئی۔
صوبائی کابینہ نے ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی انسپکشن فیس میں نظرثانی کی منظوری دیدی، پنجاب حکومت اپنے وسائل سے پی ایس ڈی پی کی سکیم کے تحت سرگودھا میانوالی روڈ کی تعمیر و بحالی لئے اضافی فنڈز فراہم کرے گی جس کی کابینہ نے منظوری دے دی۔کابینہ نے محکمہ آبپاشی کی ریکوری پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ریکوری بہتر بنانے کے لئے مؤثر مینجمنٹ اور پلاننگ کی ہدایت کردی۔