محمد عمران اور محمد عباس آفریدی کی عمدہ بولنگ اور وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کی آل راؤنڈ کارکردگی کے نتیجے میں پشاور ریجن کی ٹیم پاکستان کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کی چیمپئن بن گئی۔
اتوار کے روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پشاور نے کراچی وائٹس کو5 وکٹوں سے ہرادیا۔محمد عمران نے چار اور عباس آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں اور کراچی وائٹس کو صرف 103 رنز پر آؤٹ کردیا۔
پشاور نے یہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پشاور نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو بیٹنگ دی جو31.2 اوورز کی بیٹنگ میں صرف 103رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
کراچی وائٹس کی اننگز کسی بھی موقع پر لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عمران اور رائٹ آرم فاسٹ بولر عباس آفریدی کے سامنے سنبھل نہ سکی۔اعظم خان پانچ چوکوں کی مدد سے 30 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ کپتان سرفراز احمد نے دو چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے۔صائم ایوب 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
محمد عمران نے28 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں جو لسٹ اے ون ڈے میں ان کی بہترین انفرادی بولنگ ہے۔ عباس آفریدی نے20 رنز کے عوض 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
وکٹ کیپر محمد حارث نے چار جبکہ افتخار احمد نے تین کیچز کیے۔
پشاور ریجن کی اننگز میں کپتان صاحبزادہ فرحان ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔اس کے بعد محمد حارث نے ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے46 رنز کی اننگز کھیلی ۔ اگرچہ کراچی وائٹس کے بولرز اس دوران پانچ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے لیکن ہدف کم ہونے کی وجہ سے وہ پشاور کو جیت سے نہ روک پائے۔عادل امین دو چوکوں کی مدد سے 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
محمد عمران پلیئر آف دی فائنل قرار پائے۔
حسیب اللہ ٹورنامنٹ کے پہترین کھلاڑی قرار پائے وہ ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپربھی رہے۔
صائم ایوب بہترین بیٹر قرار پائے۔
زاہد محمود اور عباس آفریدی ٹورنامنٹ کے بہترین بولر رہے۔
مختصر اسکور:
کراچی وائٹس 103 رنز ( 31.2 اوورز ) اعظم خان 30، سرفراز احمد22، محمد عمران 28 / 4 وکٹ، عباس آفریدی 20 / 3 وکٹ۔
پشاور 108 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ ( 17.2 اوورز ) محمد حارث 46، نعمان علی 19 / 2 وکٹ۔