سابق سپیکر قومی اسمبلی اور وزیر خارجہ گوہر ایوب خان کی نماز جنازہ ضلع ہری پور کے علاقے ریحانہ میں ادا کر دی گئی۔
ان کی نماز جنازہ میں سماجی و سیاسی رہنماؤں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں انہیں ہری پور میں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
گوہر ایوب خان مختصر علالت کے بعد جمعہ کی شب ہری پور میں انتقال کر گئے۔
دریں اثنا سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ ریٹائرڈ جسٹس سید ارشد حسین شاہ نے اپنے الگ الگ پیغامات میں ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔