انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ٹگیو اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر راجہ مظہر حمید نے اسلام آباد میں نیشنل بک فاؤنڈیشن میں پہلے انڈونیشین کارنر کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔ اس موقع پر انڈونیشیا کے سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈونیشین کارنر نہ صرف سیکھنے اور کھلے مکالمے کے لیے وسائل کا مرکز ہے بلکہ انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان قریبی روابط کا مظہر بھی ہے۔
انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ منیجنگ ڈائریکٹر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اچھے کام کے قیام میں انڈونیشین ایمبیسی اور نیشنل بک فاونڈیشن کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔ سفیر نے قومی شاعر علامہ اقبال کے فلسفے، وژن، نظریات کے اثر سے انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان گہرے روابط کا ذکر کیا اور ڈاکٹر محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔
منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر راجہ مظہر حمید نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ سدا بہار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے کیونکہ دونوں برادر ممالک نے ہر وقت ہر ضرورت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ادب، ثقافت اور عوام سے رابطے کے فروغ کے لیے تعاون کریں گے۔ انسٹی ٹیوٹ آف ڈسلیکسیا ایجوکیشن اینڈ ایٹیٹیوڈنل اسٹڈیز (آئیڈی ای اے ایس) کی سی ای او ممتاز ارم نے این بی ایف میں انڈونیشیا کارنر کے قیام کو سراہا۔ انہوں نے انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان تعلیمی تبادلے کے پروگرام کی اہم شراکت پر روشنی ڈالی۔ انڈونیشین کارنر پل تعمیر کرے گا اور انڈونیشیا اور پاکستان کے عوام کے درمیان کھلے مذاکرات کو فروغ دے گا۔