پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اقلیتوں کی بہتری، تحفظ اور ترقی ہمیشہ ترجیح رہی ہے، اقلیتوں نے پاکستان بنانے میں کردار ادا کیا۔کوئٹہ میں مسلم لیگ ن کے اقلیتی ونگ کے زیر اہتمام دیوالی کی تقریب میں میاں نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ہندو برادری کے مذہبی تہوار پر کیک کاٹا اور ملک کی ہندوبرادری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کی۔اس سے قبل کوئٹہ میں ہی پارٹی رہنماؤں اور ورکرز سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ تبدیلی لانے والے، چار سال میں کون سی تبدیلی لائے؟ نئے پاکستان والے کوئٹہ میں کیا تبدیلی لائے؟ کہاں گئی وہ تبدیلی؟ عوام کو پوچھنا چاہیے۔
بلاول چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، الزام تراشی کے بجائے پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے: شہباز شریف
تحریک انصاف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ معاشرے میں حسد، گالیاں اور بغض لائے، ن لیگ نے بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھایا، ڈیمز بنائے، کچھی کینال کیلئے 50 ارب روپے دیے، لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی ختم کی، باتیں کرنے والے بہت آئے، اُن لوگوں میں اور ہم میں کچھ تو فرق ہے۔نوازشریف نے کہا کہ خوشی ہے کہ کوئٹہ کی رونقیں بحال ہوئی ہیں، آپ میں سے بہت سے لوگ ہمارے ساتھ کام کرچکے ہیں، سابقہ ریکارڈ کو دیکھیں تو مسلم لیگ ن نے بلوچستان کے عوام کی خدمت کی ہے، ن لیگ کے بعد کی حکومت نے تو سی پیک منصوبے کو بہت نقصان پہنچایا۔
کوئٹہ میں سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر درشن کی جانب سے منعقدہ دیوالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان، تعمیر پاکستان اور دفاع پاکستان میں اقلیتیں اہم فریق تھیں، ہیں اور رہیں گی، 2018 سے 2022 تاریکی کے سال تھے، روشنیوں کا دور شروع ہونے والاہے۔ن لیگ کے اقلیتی ونگ کے زیراہتمام دیوالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے بارے میں باتیں سب نے کی ہیں، عملی کام نواز شریف نے کیا ہے، مسلم لیگ ن مشکلات، ظلم اور جبر کے باوجود متحد رہی، ن لیگ کو بلوچستان میں مضبوط کرنا آج کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
مریم نواز کاکہنا تھا کہ نواز شریف نے سب سے پہلے اپنے دوروں کا آغاز کوئٹہ سے کیا، کل اللہ تعالی نے مسلم لیگ ن کو کامیابی دی، بہت سارے لوگ اکٹھے ن لیگ میں شامل ہوئے۔اپنے خطاب میں انہوں نے بلوچستان کے رہنماؤں اور کارکنوں سے وعدہ کیا کہ جس طرح ان کی توجہ پنجاب اور کے پی پر ہے اسی طرح بلوچستان پر بھی رہے گی، بلوچستان کے نوجوانوں میں قابلیت ہے، اعلیٰ تعلیم بلوچستان کے لوگوں کا حق ہے۔