نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر کے مختلف شہروں میں بزرگان دین کے مزارات کی اپ گریڈیشن کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں مزارات کی تزئین وآرائش اور اپ گریڈیشن کے پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں حضرت داتاگنج بخش ؒ، بی بی پاک دامن،حضرت بابا بلھے شاہؒ، حضرت شاہ شمس تبزیزؒ،حضرت بابا فرید گنج شکرؒ، حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ اور حضرت جلال الدین شاہ بخاریؒ کے مزارات کی تعمیر و بحالی و تزئین آرائش پربریفنگ دی گئی، اجلاس میں مزارات کے ماسٹر پلان پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مزارات کی تعمیر و بحالی و تزئین آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے، حضرت بابافریدگنج شکرؒ، حضرت بابا بلھے شاہؒ اورحضرت شاہ شمس تبریزؒ کے مزارات کی تعمیر و بحالی و تزئین آرائش کا کام جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا، حضرت موسیٰ پاک شہیدؒکے مزار کی اپ گریڈیشن فروری تک مکمل ہو گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مزارات کی تزئین وآرائش اور اپ گریڈیشن کے کام کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، مزارات کی اپ گریڈیشن سے عقیدت مندوں کیلئے مزید سہولتیں میسر ہوں گی۔صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،سیکرٹریز تعمیرات ومواصلات، اوقاف اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔