بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 30 ویں میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے بآسانی شکست دیدی۔ بھارت کے شہر پونے کے مہاراشٹرا کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 30 ویں میچ میں افغانستان کے کپتان ہشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا کی پوری ٹیم آخری اوور میں 241 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
افغانستان نے 242 رنز کا ہدف 45.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، عظمت اللہ عمرزئی نے 73، کپتان ہشمت اللہ شاہدی نے58 ، رحمت شاہ نے 62 اور ابراہیم زدران نے 39 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔قبل ازیں سری لنکا کی جانب سے دموتھ کرونا رتنے 15 رنز بنا کر فضل الحق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، کپتان کوش مینڈس اور اوپنر پاتھم نسانکا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔
پاتھم نسانکا 46 رنز بنا کر عظمت اللہ عمرزئی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے، کپتان 39 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، دھننجایا ڈی سلوا 14 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
چارتھ اسالنکا 22 رنز بنا کر ضل الحق فاروق کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے دیگر کھلاڑیوں میں اینجلو میتھیوز23، مہیش تھیکشنا29، کسن راجیتھا5، دشمنتھا چمیرا ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروق نے 4، مجیب الرحمن نے 2 جبکہ راشد خان اور عظمت اللہ عمرزئی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، سری لنکا کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔