نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے لیے یکم نومبر 2023 کے بعد جامع آپریشن ہو گا۔حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی غیر ملکیوں کو 31 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنےکی ڈیڈ لائن دی گئی ہے جو آگے نہیں بڑھائی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر میپنگ، جیو فینسنگ کرکے مشکوک افراد کی نشاندہی کرلی ہے، 31 اکتوبر کے بعد غیر قانونی غیر ملکیوں کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی جائیں گی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کی پاکستان سے رضاکارانہ واپسی کے لیے آج اور کل کی مہلت باقی ہے، یکم نومبر کے بعد غیر قانونی طورپر پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے لئے جامع آپریشن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ تمام غیر ملکیوں کے انخلا میں دو سے تین ماہ لگیں گے، 15 سے 20 ہزار غیر ملکی پناہ گزین رضاکارانہ طور پر پاکستان سے جا چکے ہیں۔