سری لنکا انڈر19 نے پاکستان انڈر19 کو چوتھے ون ڈے میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو دو سے برابر کرلی۔
پانچواں اور آخری ون ڈے منگل کے روز کھیلا جائے گا۔
پہلا ون ڈے سری لنکا انڈر19 نے58 رنز سے جیتا تھا ۔ دوسرے ون ڈے میں پاکستان انڈر19 نے 59 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ تیسرا ون ڈے بھی پاکستان انڈر 19 نے 6 وکٹوں سے جیتا تھا۔
اتوار کے روز نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پاکستان انڈر19 کو پہلے بیٹنگ دی۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم 43.1 اوورز میں 186 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا انڈر 19 نے مطلوبہ اسکور 40.4 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
پاکستان انڈر 19 کی اننگز میں شاہ زیب خان نے 111گیندوں پر 80 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 4چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔ کپتان سعد بیگ 3چوکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
میزبان ٹیم کے بیٹر ریاض اللہ رن لیتے ہوئے زخمی ہوگئے ۔گھٹنے کی تکلیف کے سبب وہ آخری ون ڈے نہیں کھیل سکیں گے۔
مہمان ٹیم کی طرف سے لیگ اسپنر مالشا تھاروپاتھی نے صرف 17 رنزدے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔روی شان پریرا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا انڈر19 کی اننگز میں دینورا کالو پاہانہ نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے61 اور روساندا گاماگے نے دو چوکوں کی مدد سے 46رنز اسکور کیے۔
تھاروپاتھی نے عمدہ بولنگ کے بعد ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے تین چوکوں کی مدد سے20 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت دلادی۔
پاکستان انڈر 19 کی طرف سے آفتاب احمد نے23 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
مختصر اسکور:
پاکستان انڈر 19 186 رنز ( 43.1 اوورز ) شاہ زیب خان 80، سعد بیگ 45، تھاروپاتھی 17 / 4 وکٹ
سری لنکا انڈر 19 189 رنز7 کھلاڑی آؤٹ ( 40.4 اوورز ) دینورا کالوپاہانا 61، روساندا گاماگے 46، آفتاب احمد 23/3 وکٹ