شہبازشریف کی ترکیہ کے عوام کو جمہوریہ کے 100 سال مکمل ہونے پر مبارکباد

شہبازشریف کی ترکیہ کے عوام کو جمہوریہ کے 100 سال مکمل ہونے پر مبارکباد

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے عوام کو جمہوریہ کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔سابق وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اپنے بھائی رجب طیب اردگان اور ترکیہ عوام کو جمہوریہ کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم مختلف شعبوں میں ترکیہ کی بھرپور کامیابیوں اور ترقی کی خوشیاں منا رہے ہیں، ہم نے دیکھا کہ ان 100 برس کے دوران ترکیہ کے ہمارے بھائی، بہنیں کئی آزمائشوں اور امتحانوں سے گزرے، بڑے بڑے بحران انہیں آگے بڑھنے سے روک نہیں سکے اور اُن کے پختہ عزم نے مشکلات کو مواقع میں بدل دیا۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر شدید اضطرابی ماحول میں بالخصوص جمہوری وخوش حال ترکیہ خطے اور اسلامی دنیا کے استحکام کا اہم سبب ہے، مشترک تاریخ وعقیدے پر مبنی ہمارا بھائی چارہ واضح کرتا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ ایک قوم ہیں جو دو ریاستوں میں آباد ہیں۔انہوں نے کہا کہ جدید ترکیہ کے بانی کمال اتا ترک سے لے کر صدر رجب طیب اردگان تک ترقی کے لئے ”خون، پسینہ اور اشک“ بہانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ، آنے والے 100 سال پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بھائی چارے، دوستی اور شراکت داری کی عظیم مثال بنیں گے۔

-- مزید آگے پہنچایے --