کرکٹ ورلڈ کپ، دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ، آسڑیلیا نے نیوزی لینڈ کو 5 رنز سے شکست دیدی

کرکٹ ورلڈ کپ، دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ، آسڑیلیا نے نیوزی لینڈ کو 5 رنز سے شکست دیدی

 آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023ء کے 27 ویں میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 5 رنز سے شکست دے دی۔دھرم شالا میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 389 رنز کا ہدف دیا، جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے جارحانہ انداز بیٹنگ اپنایا تاہم مقررہ 50 اوورز میں ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

389 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 9 وکٹ کے نقصان پر 383 رن بنا سکی، نیوزی لینڈ کی جانب سے رچن رویندرا نے 116 رن کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیرل مچل نے 54 رن بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے اننگ کا اچھا آغاز کیا اور تیز رفتاری کے ساتھ رنز بنائے، دونوں اوپنرز کے درمیان 175 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی جس کے بعد پہلی وکٹ 19.1 اوورز میں گری جب ڈیوڈ وارنر 65 گیندوں پر 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 23.2 اوورز میں 200 رنز پر گری، ٹریوس ہیڈ 67 گیندوں پر 109 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، انہوں نے میچ میں 7 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔

دونوں اوپنرز کی جانب سے اچھا آغاز فراہم کرنے اور آؤٹ ہونے کے بعد دیگر بیٹرز تسلسل قائم نہ رکھ سکے، آسٹریلیا کو تیسرا نقصان 29.4 اوورز میں 228 رنز پر اٹھانا پڑا جبکہ چوتھی وکٹ 36.3 اوورز میں 264 رنز پر گر گئی، سٹیو سمتھ 18 اور مچل مارش 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 274، چھٹی وکٹ 325 اور ساتویں وکٹ 387 رنز پر گری، آسٹریلوی ٹیم کے بعد میں آنے والے بیٹرز بھی زیادہ رنز نہ بنا سکے اور پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 388 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور گلین فلپس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ سینٹنر 2 جبکہ میٹ ہینری اور نیشم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اب تک 6 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی جبکہ اسے 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی اپنے 6 میچز کھیل کر 4 میں کامیاب اور 2 میں ناکام رہی ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --