وزیر اعلیٰ پنجاب نے تارکین وطن کا ڈیٹا جمع کرنے کیلئے پولیس کو ٹاسک سونپ دیا

وزیر اعلیٰ پنجاب نے تارکین وطن کا ڈیٹا جمع کرنے کیلئے پولیس کو ٹاسک سونپ دیا

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تارکین وطن کا ڈیٹا جمع کرنے کے لیے پولیس کو ٹاسک سونپ دیا۔ذرائع کے مطابق تارکین وطن کے ڈیٹا سے متعلق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آئی جی پنجاب اور تمام اضلاع کے آر پی اوز کو ہدایات جاری کردیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر قانونی تارکین کے شناختی کارڈز کی باقاعدہ تصدیق کی جائے ، غلط شناختی کارڈز کو فوری بلاک کیا جائے، پولیس مؤثر آپریشن کے ذریعے غیر قانونی تارکین وطن کا ڈیٹا اکٹھا کرے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی نے  کسی غیر قانونی تارکین وطن کے ساتھ نرمی نہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں، پنجاب حکومت نے گزشتہ روز اپیکس کمیٹی اجلاس کے بعد صوبہ بھر میں آپریشن کا فیصلہ کیا ۔ اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی شروع کر رہی ہے ۔دریں اثنا نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو لاہور سے راولپنڈی تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان انہوں نے بدھ کو راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران کیا۔وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ اتھارٹی تاجر برادری کے متعدد تحفظات کو دور کرے گی۔تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے انہوں نے پندرہ دنوں کے اندر انہیں نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے اور چینی ماڈل پر چیمبرز میں ون ونڈو آپریشن کی سہولت شروع کرنے کا بھی وعدہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے تاجر برادری کو تجویز دی کہ وہ سرکاری ہسپتال کا چارج سنبھالیں اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اس کا آزادانہ انتظام کریں۔اس موقع پر انہوں نے کاروباری خواتین، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور کاٹیج انڈسٹریز کے ڈسپلے سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔

-- مزید آگے پہنچایے --