مسلم لیگ ن جنرل(ر) باجوہ اور فیض حمید کیخلاف کارروائی کا مطالبہ نہ کرے، خورشید شاہ

مسلم لیگ ن جنرل(ر) باجوہ اور فیض حمید کیخلاف کارروائی کا مطالبہ نہ کرے، خورشید شاہ

پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ نے مسلم لیگ(ن) کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سابق آرمی چیف جنرل(ر) قمر جاوید باجوہ اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف کارروائی کا مطالبہ نہ کرے اور ایسی محاذ آرائی سے گریز کرے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما کے یہ ریمارکس ایک ایسے موقع پر سامنے آئے جب مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے سخت موقف اپناتے ہوئے 2017 میں اقتدار سے ہٹائے جانے اور ملک میں جاری بحرانوں کا ذمہ دار دونوں سابق اعلیٰ فوجی عہدیداروں کو ٹھہرایا ہے۔

نواز شریف نے دونوں سابق فوجی عہدیداروں کا احتساب کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور آصف سعید کھوسہ سابق آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ کے آلہ کار تھے، ان کا جرم قتل کے جرم سے بڑا ہے، انہیں معاف کرنا قوم کے ساتھ ناانصافی ہو گی، وہ معافی کے مستحق نہیں ہیں۔

رواں ماہ کے اوائل میں لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے عوام کو معاشی بدحالی کا شکار کرنے والے ان ’کرداروں‘ کو احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اسی طرح مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثنااللہ نے اس ہفتے کے اوائل میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور فیض کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں قومی مجرم قرار دیا تھا اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ جس طرح مسلم لیگ(ن) نے جنرل پرویز مشرف کو انصاف کے کٹہرے میں لائی تھی، وہ ان دونوں کے ساتھ ہی بالکل ایسا ہی کرے گی۔

رانا ثنااللہ نے سابق جرنیلوں اور ججوں کے سخت احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پارٹی کی جانب سے پالیسی بیان ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --