قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش کا معاملہ التوا کا شکار ہے۔ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی مصروفیت کے باعث سینٹرل کنٹریکٹ پر بات چیت کا عمل مکمل نہیں ہوسکا ہے، افغانستان سیریز ، پھر وطن واپسی اور پھر ایشیا کپ کے لیے ٹیم کے سری لنکاجانے کی وجہ سے کرکٹرز سے مزید بات چیت نہیں ہوسکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ کھلاڑیوں کا فوکس میچز پر رکھنے کی وجہ سے اس معاملے کو التوا کا شکار کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بورڈعہدیداران کی افغانستان سیریز کے دوران ہمبنٹوٹا میں کھلاڑیوں سے کنٹریکٹس پر بات چیت ہوئی تھی البتہ یہ معاملہ تاحال حل طلب ہے لیکن 30 جون کو ختم ہونے والے کنٹریکٹس میں پی سی بی نے ایک ماہ کی توسیع کی تھی یہ توسیع نئے کنٹریکٹس کے آنے تک جاری رہے گی۔ذرائع کے مطابق لیگز کی اجازت، مختلف مد میں ہونے والی آمدنی میں شیئر اور کمرشل رائٹس کے معاملات بھی حل طلب ہیں۔واضح رہےکہ پاکستان کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک کرکٹ کنٹریکٹس، ویمن کرکٹ ٹیم اور ڈومیسٹک ویمن کنٹریکٹس کا اعلان کر چکا ہے۔