صدر مملکت نے بنوں کے علاقے جانی خیل میں فوجی قافلے پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔اپنے مذمتی بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رہیں گی، انہوں نے شہداء کو وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے صبر کیلئے بھی دعا کی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ضلع بنوں کے علاقہ جانی خیل میں فوجی قافلے پر خود کش حملہ کے نتیجے میں 9 سپاہی شہید جبکہ 5 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔