پاکستان کو اندھیروں سے نکال کر دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن کر دیا ہے، احسن اقبال

پاکستان کو اندھیروں سے نکال کر دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن کر دیا ہے، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے پاکستان کو اندھیروں سے نکال کر دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن کر دیا ہے۔مانسہرہ اور ہزارہ مسلم لیگ کا دوسرا گھر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گڑھی حبیب اللہ تا بالاکوٹ کشادگی و پختگی اور حسہ پل کی سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع پر کیا۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سابق ایم این اے کیپٹن ر محمد صفدر،وزیر اعظم کے معاون خصوصی سردار شاہ جہان یوسف،پروفیسر سجاد قمر، سابق ایم پی اے میاں ضیاء الرحمن، سردار ظہور احمد سابق تحصیل ناظم سید جنید قاسم، تحصیل چئیرمین بالاکوٹ سردار لیاقت کسانہ، سابق چئیرمین قاری محبوب الرحمن سید ریاض علی شاہ، قاضی محمد صادق اور دیگر موجود تھے۔گڑھی حبیب اللہ کشادگی روڈ پر 96 کروڑ اور حسہ پل پر بیس کروڑ کی لاگت آئے گی۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے۔چار سال ترقی کا راستہ روکا گیا اور ملک کو اندھیروں میں داخل کر دیا گیا۔سی پیک کو منجمد کر کے پاکستان سے شدید ترین دشمنی کی گئ۔ہمارے پاس دو راستے تھے،یا تو مقبولیت کو ترجیح دیتے یا پاکستان کو،ہم نے دوسرا راستہ اختیار کیا ۔ہر مشکل کے بعد آسانی ہوتی ہے۔ہم نے ایک سوا سال میں مشکل فیصلے کر کے پاکستان کو بہتری کی طرف گامزن کر دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے پندرہ ماہ میں چار سال کا ملبہ صاف کیا۔معیشت ،خارجہ تعلقات اور دیگر شعبوں میں لگی آگ بجھائی۔سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وفاقی وزیر احسن اقبال کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کے وعدوں پر عمل کیا۔ہزارہ ہمیشہ سے مسلم لیگ ن کاگڑھ رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔انھوں نے کہا کہ ہزارہ موٹر وے ہزارہ کے عوام کے لیے مسلم لیگ ن کا تحفہ تھا اور اس کی وجہ سے فاصلے سمٹ گئے ہیں۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ نئے منصوبوں کے افتتاح سے مانسہرہ بالاکوٹ کے عوام کو مزید سہولت ملے گی۔سابق ممبر قومی اسمبلی کیپٹن ر محمد صفدر نے کہا کہ مانسہرہ اور ہزارہ سے میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کو خصوصی محبت ہے۔مانسہرہ کے لیے کروڑوں روپے کے منصوبے شروع ہو چکے ہیں۔جو منصوبے ہم نے گزشتہ دور میں شروع کیے تھے اگر ان کو روکا نہ جاتا تو ہم بہت آگے جا چکے ہوتے۔

مشیر وزیراعظم سردار شاہ جہان یوسف نے کہا کہ مانسہرہ میں ترقیاتی کام مسلم لیگ ن نے کیے۔فاصلے سمیٹے۔گاوں گاؤں گاؤں تک بنیادی سہولیات پہنچائیں۔چار سال ہمارا ترقی کا سفر رکا رہا ۔اب ہم پھر روشنیوں کی طرف گامزن ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --