مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور پانچ اگست کے غیرقانونی اقدامات کی مذمت کیلئے آج شاہراہ دستور اسلام آباد پر ایک ریلی نکالی گئی ۔امور کشمیر کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر قمرزمان کائرہ نے ریلی کی قیادت کی جو ریڈیوپاکستان چوک سے شروع ہوکر ڈی چوک پرختم ہوئی ۔
سیکرٹری خارجہ ، کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کی قیادت اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ریلی میں شرکت کی ۔امور کشمیر کے مشیرنے اس موقع پرکشمیری عوام کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی برادری پرزوردیاکہ وہ حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔قمرزمان کائرہ نے کہا موجودہ حکومت نے تمام بین الاقوامی فورمز پر اوردوسرے ممالک کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتوں کے دوران مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے پیش کیا۔