ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز کا فاتحانہ آغاز

ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز کا فاتحانہ آغاز

شاہنواز دھانی کی پانچ وکٹوں اور طیب طاہر کی نصف سنچری کے نتیجے میں پاکستان شاہینز نے ایمرجنگ ایشیا کپ میں ٹائٹل کے دفاع کی طرف پیش قدمی جیت سے شروع کردی۔

جمعہ کے روز کولمبو کرکٹ کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے اپنے پہلے میچ میں پاکستان شاہینز نے نیپال کو چار وکٹوں سے ہرادیا۔

نیپال نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 37 اوورز میں 179 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان شاہینز نے 180 رنز کا ہدف 32 اعشاریہ 5 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ایک موقع پر نیپال کی آٹھ وکٹیں 72 رنز پر گرگئی تھیں لیکن سومپال کامی کی عمدہ بیٹنگ کے سبب وہ 179 تک پہنچنے میں کامیاب ہوسکی۔

سومپال کامی نے 101گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے۔
پراتش چیتری نے 26 رنز اسکور کیے۔ان کی اننگز میں دو چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

ان دونوں نے نویں وکٹ کی شراکت میں 58 رنز کا اضافہ کیا۔یہ پارٹنرشپ مبصرخان نے پراتش چیتری کو آؤٹ کرکے ختم کی۔

سومپال کامی نے للت نارائن راجبانشی کے ساتھ آخری وکٹ کی شراکت میں بھی قیمتی 49 رنز کا اضافہ کیا جس میں للت نارائن کا حصہ صرف ایک رن رہا۔

شاہنواز دھانی نے 10 اوورز کی بولنگ میں 38 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

محمد وسیم جونیئر نے10 اوورز میں 51 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

صائم ایوب اور حسیب اللہ نے اپنی ٹیم کو37 رنز کا اسٹارٹ دیا۔ حسیب اللہ12 اور صائم ایوب تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد عمیر بن یوسف اور طیب طاہر نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 64 رنز کا اضافہ کیا۔

عمیر بن یوسف چار چوکوں کی مدد سے36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

طیب طاہر نے چھ چوکوں کی مدد سے 67گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی۔

کامران غلام 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کپتان محمد حارث 9 رنز بنا پائے۔

للت نارائن نے50 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان شاہینز کا دوسرا میچ 17 جولائی کو متحدہ عرب امارات اے کے خلاف ہوگا جبکہ 19 جولائی کو وہ انڈیا اے کے خلاف مدمقابل ہوگی۔

مختصر اسکور۔
نیپال 179رنز ( 37 اوورز ) سومپال کامی 75 ۔ شاہنواز دھانی 38/5 وکٹ ۔ محمد وسیم جونیئر 51/4 وکٹ۔

پاکستان شاہینز 181 رنز 6کھلاڑی آؤٹ ( 32 اعشاریہ 5اوورز ) ۔ طیب طاہر 51۔ عمیر بن یوسف 36۔ للت نارائن 50/3 وکٹ۔

-- مزید آگے پہنچایے --