وزیر اعظم  نے چشمہ 5 نیو کلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیر اعظم نے چشمہ 5 نیو کلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

 وزیر اعظم شہباز شریف نے چشمہ 5 نیو کلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے میانوالی میں چشمہ 5 نیو کلیئر پاور پلانٹ کا افتتاح کیا جس کی استعداد کو 1100 میگاواٹ سےبڑھا کر1200 میگاواٹ کر دیا گیا ہے، اس معاہدے پر2017 میں دستخط ہوئے تھے لیکن یہ منصوبہ 5 برس التواکا شکار رہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ پاکستان اور چین کے باہمی تعاون کا عکاس ہے اور یہ ایک اہم سنگ میل ہے۔

وزیراعظم نے کہا افواہیں پھیلائی جا رہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا لیکن مشکل وقت میں دوست ممالک نے تعاون کیا، تعاون کی کہانی چین کی مدد کے بغیر نامکمل ہے اور مشکل وقت میں چین نے 5 ارب ڈالر کے قرضوں کو رول اوور کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عظیم دوست کی مشکل وقت میں مدد کو کبھی نہیں بھولیں گے، مشکل وقت میں چین، سعودی عرب اور یو اے ای کی معاونت پر شکر گزار ہیں، پچھلے 4 ماہ میں پاکستان کی معیشت کو بچانے کے لیے چین نے متعدد اقدامات کیے، اب آئی ایم ایف پروگرام کی منظور ی کے بعد ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 5 جیسے منصوبوں کا شروع ہونا افواہیں پھیلانے والوں کو مؤثر جواب ہے، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کو عالمی توانائی ایجنسی نے بھی محفوظ قرار دیا، یہ پاور پلانٹ سستی توانائی کے حصول کی جانب قدم ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --