ووٹ کے اندراج ، کوائف کی درستگی کیلئے تاریخ میں توسیع

ووٹ کے اندراج ، کوائف کی درستگی کیلئے تاریخ میں توسیع

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹ کے اندراج، کوائف کی درستگی، ووٹ کے اخراج اور ووٹ کی منتقلی کیلئے درخواست دینے تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔اب شہری ووٹ کے اندراج، اخراج اور درستگی کے لیے 20 جولائی 2023 تک الیکشن کمیشن سے رجوع کر سکتے ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق شہری اپنے ووٹ سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے فوری طور پر اپنا شناختی کارڈ نمبر موبائل فون کے ذریعے 8300 پر ایس ایم ایس کر سکتے ہیں اور اپنے ووٹ سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر موجود مستقل یا عارضی پتے میں سے کسی ایک پر درج کروایا جا سکتا ہے۔ شہری اپنے ووٹ کے اندراج، منتقلی ، اخراج یا کوائف میں تبدیلی کے لیے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے فارم ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں جسے پُر کر کے متعلقہ ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔

شہریوں کی رہنمائی کے لیے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لیے فارم نمبر 21 استعمال کریں۔ اعتراض اور ووٹ کے اخراج کے لیے فارم نمبر 22 استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کوائف کی درستی کے لیے فارم نمبر 23 دیا گیا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --