صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے منگی خاندان نے منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا ہے، اس خاندان کے 9 افراد ایک ہی تاریخ یعنی یکم اگست کو پیدا ہوئے تھے۔
اس خاندان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کرلیا گیا ہے، ویب سائٹ کے مطابق لاڑکانہ کے رہائشی ہائی اسکول ٹیچر امیر علی منگی، ان کی اہلیہ خدیجہ اور 7 بچے سندھو، جڑواں بچیاں سسئی، سپنا، عامر، امبر، جڑواں لڑکے عمار اور احمر شامل ہیں۔
حیرت انگیز طور پر تمام افراد یکم اگست کو پیدا ہوئے تھے، یہ ایک ہی دن پیدا ہونے والے خاندان کے سب سے زیادہ افراد کا عالمی ریکارڈ ہے۔
یکم اگست امیر اور خدیجہ کے لیے اس لیے خاص ہے کیونکہ اس روز ان کی شادی کی سالگرہ بھی منائی جاتی ہے، ان کی شادی 1991 میں اس روز ہوئی جس دن اس جوڑے کی سالگرہ بھی تھی۔
جوڑے کے 7 بچے نے ایک ہی دن پیدا ہونے والے سب سے زیادہ بہن بھائیوں کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے، اس سے قبل یہ ریکارڈ امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی کے پانچ بچوں کے پاس تھا جو 20 فروری کو 1952 سے 1966 کے درمیان پیدا ہوئے تھے۔
منگی خاندان کی پہلی بیٹی سندھو یکم اگست 1992 کو پیدا ہوئی تھی جس دن امیر اور خدیجہ کی سالگرہ بھی منائی جاتی ہے۔
امیر کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ حیران ہوگئے تھے جب ایک ہی تاریخ کو ان کے تمام بچوں کا جنم ہوا، انہوں نے کہا کہ یہ ’خدا کی طرف سے تحفہ ہے‘۔
گینز رپورٹ کے مطابق منگی خاندان کے تمام بچے سیزیرین کیے بغیر پیدا ہوئے، کسی بھی بچے کی قبل از وقت ڈیلیوری نہیں ہوئی اور نہ ہی خدیجہ کو کبھی قبل از وقت درد زہ میں جانا پڑا / درد زہ کے لیے ڈرپس لگائی گئی۔
امیر کا کہنا ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر اپنے بچوں کے ایک ہی تاریخ میں پیدا ہونے کا منصوبہ نہیں بنایا تھا۔
امیر اور خدیجہ اس وقت بھی حیران ہوئے جب ان کی جڑواں بیٹیاں (سسوئی اور سپنا) پیدا ہونے کے 5 سال بعد 2003 میں جڑواں بیٹے (عمار اور احمر) پیدا ہوئے تھے۔
سسوئی کہتی ہیں کہ پہلے ہم اپنی سالگرہ بہت سادگی سے مناتے تھے، لیکن اب ہم بہت جوش و خروش اور خوشی کے ساتھ مناتے ہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے اعزاز سے نوازے جانے کے بعد امیر کہتے ہیں کہ ایک ہی دن سالگرہ ہونا ان کے خاندان کے لیے بہت خوش قسمت ثابت ہوا ہے۔
منگی خاندان کی تین ہفتوں بعد سالگرہ ہوگی جو اس سال ان کے لیے خاص ہوگی۔
خدیجہ رواں سال 50 سال کی ہوجائے گی جبکہ ان کا تیسرا سب سے چھوٹا بیٹا امبر 21 سال کا ہوجائے گا۔