وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ بھکاری پن کے خاتمےکے لیے ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا، ہمسایہ اگر ہم سے آگے نکل گیا ہے تو قصور ہمارا ہے۔پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا نے پاکستان کو دہشت گردی سے بچانےکے لیے تاریخی کردار ادا کیا، یہاں کے عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں، لیپ ٹاپس کی تقسیم سے ملک میں کلاشنکوف کا کلچر ختم ہوگا، بےروزگاری ختم ہوگی، ملک اپنے پاؤں پرکھڑا ہوگا، ملک میں خوشحالی ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام خوشی سےنہیں مجبوری سے قبول کیا، بھکاری پن کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا، ہم میں صرف ایک چیز کی کمی ہے اور وہ ہے ’وِل ٹو ڈو‘، سعودی ولی عہد اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، سعودی عرب کی جانب سے 2 ارب ڈالر پاکستان کے خزانےمیں آچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے،لمحہ فخریہ نہیں، ہمسایہ اگر ہم سے آگے نکل گیا ہے تو قصور ہمارا ہے، 90 کی دہائی میں پاکستانی روپیہ بھارتی روپے سے زیادہ تھا، کپاس کی برآمد بھارت سےزیادہ تھی۔انہوں نےکہا کہ ملک صرف محنت اور مسلسل جدوجہد کی وجہ سےکامیاب ہوتےہیں، سب متحد ہوکرکام کریں گے تو پاکستان خوشحال ہوگا، زراعت اور صنعتوں میں انقلاب لانا ہوگا، زراعت، آئی ٹی ، معدنیات اور برآمدات کے لیے جامع پالیسیاں مرتب کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپشن نے ملک کی جڑوں کو تباہ کردیا، رونے دھونے سےکبھی ملک خوشحال نہیں ہوتے، میں یا ہمارے دوسرے زعما بیرون ممالک جاتے ہیں تو جب بیرون ممالک میں ہمارا استقبال کیا جاتا ہے تو میں ان لوگوں کے چہروں کو دیکھتا ہوں، استقبال کرنے والوں کے چہرے کہہ رہے ہوتے ہیں کہ یہ آگئے ہم سے پیسا مانگنے۔