سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات میں ایک بار پھر قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور میں پیش نہ ہوئے۔نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات میں عثمان بزدار کو طلب کر رکھا تھا۔
ذرائع کے مطابق عثمان بزدار نے اپنے نمائندے کے ذریعے نیب میں خود پیش نہ ہونے پر تحریری معذرت پیش کی اور نمائندے کے ذریعے 30سوالات کے جواب جمع کرا دیے۔
ذرائع کے مطابق عثمان بزدار نے تحریری معذرت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ ذاتی مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔تحریری معذرت میں لکھا گیا کہ وہ تحقیقات سے فرار نہیں چاہتے، معذرت قبول کی جائے۔خیال رہے کہ نیب لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو 14 ویں مرتبہ طلب کیا ہے جب کہ عثمان بزدار اب تک صرف دو مرتبہ نیب لاہور کے روبرو پیش ہوئے ہیں۔