وزیراعظم شہباز شریف نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر سويڈش حکومت سے واقعے کا نوٹس لینے اور مجرموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سویڈن سے ہمارا مطالبہ جائز ہے، اس حوالے سے دفتر خارجہ اس معاملے کو مزید بھی دیکھے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کی سخت مذمت کرتی ہے، سویڈش حکومت اپنے ملک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا نوٹس لے اور مجرموں کے خلاف کارروائی کرے۔سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر عید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کو نذرآتش کرنے اور بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسٹاک ہوم کی پولیس نے عراق سے تعلق رکھنے والے شہری کو کئی بار قرآن پاک نذر آتش کرنے کی اجازت دینے انکار کیا تھا لیکن مقامی عدالت نے پولیس کے فیصلے کو آزادی اظہار رائے کے خلاف قرار دیا۔مقامی پولیس نے شہری کو عید کے روز شہر کی مرکزی جامع مسجد کے باہر مظاہرے کی اجازت دی جس کے بعد ملعون نے قرآن پاک کو نذر آتش کیا اور مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کی۔