وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملکی عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے نینشل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی طرف سے 30 شہروں میں پاسپورٹ کاونٹرز کھولنے کا فیصلہ۔
نادرا کی طرف سے کوئٹہ اور سکھر کے علاوہ دیگر ریجنل سینٹرز کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر 30 مقامات پر پاسپورٹ پراسسنگ کاؤنٹرز (پی سی سی) کا انتخاب کیا گیا ہے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ پاسپورٹ پراسسنگ کاؤنٹر کا افتتاح 10 جون کو وزیراعظم یا وزیر داخلہ کریں گے۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ لاہور ریجن میں 12 پاسپورٹ کاؤنٹرز، کراچی ریجن میں 2، ملتان میں 6، سرگودھا میں 3، خیبرپختونخوا میں 5 اور اسلام آباد میں ایک کاؤنٹر قائم کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ’پاک آئی ڈی‘ کے نام سے نئی موبائل ایپلی کیشن متعارف کروائی تھی جس کے تحت پاکستانی شہری اب گھر بیٹھے موبائل ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ بنوا سکیں گے۔