وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کمی کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ یکم جون سے اگلے 15 روز کے لیے نئی قیمتوں کا تعین ہونا ہے اور اس حوالے سے پچھلے 15 دنوں سے پیٹرولیم کی قیمتوں میں کوئی رد وبدل نہیں ہوا اور نہ ہی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کوئی بہتری آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود کمی کا فیصلہ کیا۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے کم کی گئی ہے۔
اس سے قبل 15 مئی کو وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 16 مئی سے 31 مئی تک کرنا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت کی ہر مہینے بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ ریلیف بین الاقوامی مارکیٹ کی بنیاد پر پاس کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے 15 دنوں کے لیے پیٹرول کی نئی قیمت 282 روپے سے کم ہو کر 270 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔
اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 30 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 288 روپے سے کم ہو کر 258 روپے فی لیٹر ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ مٹی کے تیل میں 12 روپے فی لیٹر کم کی جا رہی ہے اور اس کی قیمت 176 روپے 7 پیسے سے کم ہو کر 164 روپے 7 پیسے فی لیٹر نئی قیمت ہو جائے گی۔
وزیرخزانہ نے کہا تھا کہ لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت 164 روپے 68 پیسے سے کم ہو کر 152 روپے 68 پیسے مقرر کی جا رہی ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ ٹرانسپورٹرز اور ڈیزل کے استعمال والے مختلف محکموں اور اداروں سے گزارش ہے کہ وہ کرایوں اور دیگر مد میں عوام کو ریلیف دیں تاکہ عوام کو بھی براہ راست قیمتوں میں فرق ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ جب قیمتیں بڑھتی ہیں تو اس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کرایہ بڑھا دیتے ہیں، سبزیاں اور دیگر کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے، اس لیے پاکستان کے عوام کے لیے کرایوں اور باقی معاملات میں کمی کا اعلان کریں۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 16 اپریل کو پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 10 روپے اضافہ کر دیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 272 سے بڑھ کر 282 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی تاہم یکم مئی کو پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی تھی جبکہ دیگر مصنوعات کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔
وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمت اگلے 15 روز کے لیے برقرار رہے گی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں 10 روپے فی لیٹر کم ہو کر بالترتیب 164روپے 68 پیسے اور 176 روپے 07 پیسے فی لیٹر کی جا رہی ہیں۔