آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوام نے فوج سے محبت کے حالیہ اظہار سے دشمن کے مذموم عزائم کا منہ توڑ جواب دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے افسران سے خطاب کیا اور روایتی، غیر روایتی اور ففتھ جنریشن وارفیئر کے لیے آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔اس موقع پر خطاب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ عوام اورفوج کے رشتے کو کمزور کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، پاک فوج ہمیشہ پاکستان کے بہادر اور قابل فخر لوگوں کی مقروض ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے فوج سے محبت کے حالیہ اظہار سے دشمن کے مذموم عزائم کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔جنرل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ اندرونی عناصر اور بیرونی قوتوں کے درمیان گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے، اندرونی اور بیرونی عناصر کاگٹھ جوڑ عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے تھا، پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین افواج میں سے ایک ہے۔