ملک کے جوہری پروگرام سے منسلک تمام سائنسدانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، بلاول بھٹو

ملک کے جوہری پروگرام سے منسلک تمام سائنسدانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کاکہنا ہے کہ پاکستان کا جوہری پروگرام خطے میں امن و استحکام کیلئے ہے، ملک کے جوہری پروگرام سے منسلک تمام سائنسدانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یومِ تکبیر پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ جوہری پروگرام پاکستانی قوم کے لیے  قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عظیم تحفہ ہے ، شہید بھٹو نے کہا تھا ہم گھاس کھا کر بھی گزارا کرلیں گے، لیکن پاکستان کو ایٹمی قوت بناکر رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن تھا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بطور وزیراعظم ملک کے جوہری پروگرام کی حفاظت کی اور آگے بڑھایا، بھارت نے دھماکے کیے، تو شہید محترمہ بینظیر بھٹو بطور اپوزیشن لیڈر ڈٹ کر کھڑی ہوگئیں اور مطالبہ کیا حکومت بھی فوراً ایٹمی دھماکے کرے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایٹمی د ھماکوں کے معاملے پر اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی نواز شریف حکومت کی حمایت کی، جوہری پروگرام کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی اپنے شہید قائدین کے نقش قدم پر چل رہی ہے، پاکستان کم از کم قابل اعتماد دفاعی صلاحیت کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --