وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری کی جانب سے بینظیر کفالت مستحقین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔شازیہ مری کے زیر صدارت بی آئی ایس پی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکریٹری بی آئی ایس پی نے مختلف اقدامات پر بریفننگ دی۔
بریفننگ میں بتایا گیا کہ بینظیر کفالت کی جاری سہ ماہی قسط کو 7000 روپے سے بڑھا کر 8500 روپے کر دیا ہے، ڈائنامک رجسٹری کے تحت نئے مستحقین کو بی آئی ایس پی میں رجسٹریشن کا موقع ملے گا۔
ریجنل ڈی جیز نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کو سہ ماہی وظائف سے غیر قانونی کٹوتیوں کی شکایات کے تحت بلاک کیے گئے پی او ایس ایجنٹس کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر شازیہ مری نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے پارٹنر بینک اپنے اے ٹی ایمز کے ذریعے ادائیگی کے طریقہ کار کو آسان بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ 90 لاکھ مستحقین کو آگاہ کیا جائے کہ حکومت پاکستان نے بینظیر کفالت کے وظائف 7000 سے بڑھا کر 8500 روپے کر دیے ہیں، اضافہ شدہ 8500 روپے کی سہ ماہی قسط کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مستحقین اپنی پوری اضافہ شدہ رقم 8500 روپے ہی وصول کریں، کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں بی آئی ایس پی کے قریبی تحصیل دفتر میں اپنی شکایت درج کرائیں۔