وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کا آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔موریطانیہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرا خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا کو سکیورٹی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے، مسئلہ فلسطین کا حل او آئی سی کا مشترکہ ہدف ہے، اسلامی ممالک کو اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھانا ہو گی، مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کا آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی میں چین نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور تنازعہ کشمیر کا حل اسلامی ملکوں کا مشترکہ ہدف ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزراءخارجہ کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے اسلامی ممالک اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ایک مستحکم اور پرامن افغانستان کا خواہاں ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کے مسائل کے حل کے لئے اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا غیر معمولی اجلاس بلایا گیا، افغانستان میں امن پاکستان سمیت پورے خطے کے مفاد میں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے باعث مسلمانوں کو امتیازی سلوک کا سامنا ہے، اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ممنون ہیں، دنیا کو اس وقت کئی چلینجز درپیش ہیں، غیر ملکی قبضہ اور طاقت کا استعمال، عالمی سطح پر ہتھیاروں کی دوڑ، دہشت گردی، انتہا پسندی اور نفرت کے علاوہ اسلامو فوبیا اور نسل پرستی، بڑھتی ہوئی غربت اور ماحولیاتی مسائل سے دنیا کو خطرات لاحق ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں مسلم امہ کے مجموعی مفادات کا تحفظ کرنا چاہئے، پاکستان کی بھرپور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں گزشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے عالمی دن منانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔
انہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین ہماری مشترکہ کاز ہے، او آئی سی کا قیام مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے بعد عمل میں آیا تھا، او آئی سی کے رکن ممالک کو اسرائیلی مظالم اور مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی کے واقعات کی مذمت کرنی چاہئے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں فلسطینی بہنوں اور بھائیوں کے حق خود ادادیت کی حمایت کرنی چاہئے، ان کی 1967 کی سرحدوں کے ساتھ اپنی آزاد ریاست ہونی چاہئے جس کا دارالحکومت مقبوضہ بیت المقدس ہو۔
بلاول بھٹو نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے فورم میں ماہرین کی ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ بین الاقوامی مالیات، تجارت اور ٹیکس کے قوانین اور ڈھانچے میں مساوی سلوک کو یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کی جا سکے۔