کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم دہشتگرد گرفتار

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم دہشتگرد گرفتار

سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) انویسٹی گیشن نے کراچی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے اہم دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گرفتار ملزم اسرار طارق گیدڑ گروپ کے کمانڈرکا اہم ساتھی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ مبینہ دہشت گرد کے قبضے سے کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی ہے۔انہوں مزید بتایا کہ ملزم کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے، گرفتار ملزم 20 روز قبل درہ آدم خیل سے کراچی آیا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی کو طارق گیدڑ گروپ کو دوبارہ منظم کرنے کی خفیہ اطلاع ملی تھی، ملزم کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے پہنچا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم اس سے قبل بھی دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں سہولت کار رہا ہے۔محکمہ انسداد دہشت گردی کے بیان کے مطابق دوران تفتیش ملزم کی جانب سے مزید انکشافات کیے گئے ہیں، ملزم کے بیان کی روشنی میں سی ٹی ڈی کارروائیاں عمل میں لارہی ہے، ملزم کی نشاندہی پر مزید اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز (13 مارچ) محکمہ انسداد دہشت گردی سندھ نے کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر 17 فروری کو ہونے والے دہشت گرد حملے کے ’ماسٹر مائنڈ‘ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

-- مزید آگے پہنچایے --