اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا وفد صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایتھوپیا کے 5 روزہ کامیاب اور تاریخی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گیا وفد نے اپنے دورے میں ایتھوپیا کی سیاسی قیادت، بزنس کمیونٹی، سرکاری حکام اور مقامی کمیونٹی سے ملاقاتیں کی اور دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے امور پر بات چیت کی۔ ایتھوپیا کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور مسز برٹوکان ایانو نے ادیس ابابا ایئرپورٹ پر وفد کا استقبال کیا۔ وفد نے پاکستان ایتھوپیا بزنس فورم میں شرکت کی جس کا افتتاح ایتھوپیا کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ڈیمیک میکونن نے کیا۔ بزنس فورم میں آئی سی سی آئی کے وفد کے ارکان سمیت پاکستان کے 70 مندوبین نے شرکت کی۔ وفد نے ایتھوپیا کے صنعتی پارکوں کا دورہ بھی کیا اور ایتھوپیا کے وزیر برائے صنعت، وزیر برائے مائننگ اور ایتھوپیا کے سرمایہ کاری کمیشن کی کمشنر سے بھی ملاقات کی۔
ایتھوپیا کے دورے کے بارے میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستانی وفد کے ایتھوپیا کے دورے سے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کا ایک نیا دور شروع ہو گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت و سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ افریقی خطہ 1.4 ارب سے زائد آبادی کی ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے اور پاکستان کیلئے ایتھوپیا کے ذریعے افریقہ کے ساتھ تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے کے بے شمار مواقع موجود ہیں کیونکہ ایتھوپیا افریقہ کے لیے ایک گیٹ وے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک لوک افریقہ پالیسی بنائی ہے جو کہ ابھی تک اپنے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کر سکی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تجارتی وفد کا ایتھوپیا کا دورہ اس پالیسی کے مقاصد کی جانب ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دو قریبی دوست ممالک ترکی اور چین نے ایتھوپیا اور افریقہ میں بہتر سرمایہ کاری کی ہوئی ہے لہذا ان ممالک کی وہاں موجودگی پاکستانی سرمایہ کاروں کو ایتھوپیا میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے بہتر اعتماد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کی ائیرلائن جو کہ دنیا کے 130مقامات کی طرف اپنی پروازیں چلا رہی ہے، اس سال اپریل سے پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کرنے جا رہی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
احسن بختاوری نے کہا کہ وفد ایتھوپیا کے دورے پر بہت مطمئن ہے اور ان میں سے بہت سے لوگوں نے ایتھوپیا میں انڈسٹریل پارک، ٹیکسٹائل، فارما سوٹیکلز اور کیمیکل شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کے کامیاب دورے کا سہرا پاکستان میں تعینات ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ کو جاتا ہے جنہوں نے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو اس دورے کی ترغیب دی۔ا نہوں نے ایتھوپیا میں تعینات پاکستان کے سفیر شوزب عباس کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے ایتھوپیا میں وفد کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی وفد کے تاریخی دورے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان باہمی تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں کافی بہتری آئے گی۔
ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر میاں محمد ادریس، چیمبر کے نائب صدرا نجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر، سابق صدر ظفر بختاوری،ہمایوں کبیر، ایتھوپیا کے اعزازی قونصل جنرل ابراہیم تواب اور دیگر شامل تھے۔