سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور اسے برقرار رکھنے کا ماتحت عدالت کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔
یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج ظفر اقبال نے 28 فروری کو عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیا تھا کہ 7 مارچ تک عمران خان کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔جس کے خلاف گزشتہ روز (6 مارچ کو) عمران خان نے اپنے وکلا قیصر امام، بیرسٹر گوہر اور علی بخاری کے توسط سے سیشن عدالت میں درخواست دائر کر کے وارنٹ منسوخ کر نے کی استدعا کی تھی۔
درخواست میں عمران خان نے استدعا کی کہ ماتحت عدالت کی جانب سے 28 فروری کو وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور 6 مارچ کو اسے برقرار رکھنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے تا کہ وہ ٹرائل کورٹ میں پیش ہو کر اپنا دفاع کرسکیں۔