وزیراعظم شہباز شریف2 روزہ دورے پرقطرپہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف2 روزہ دورے پرقطرپہنچ گئے

 وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر کی دعوت پر 2 روزہ دورے پرقطر پہنچ گئے ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے دورے قطر کے دوران دوحہ میں اقوام متحدہ کی کم ترقی یافتہ ممالک کے حوالے سے پانچویں کانفرنس میں شرکت کرینگے۔وزیراعظم شہباز شریف کانفرنس میں شریک رہنماؤں اور وفود سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔امیر قطر کانفرنس میں شریک سربراہان مملکت اور وزرائے اعظم کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف امیر قطر کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے ، وزیراعظم 6 مارچ کو کانفرنس کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔

 قطر پہنچنے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ قطر کے امیر اپنے بھائی شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر اقوام متحدہ کی کم ترقی یافتہ ممالک کی 5ویں کانفرنس (LDCs) میں شرکت کے لیے ابھی دوحہ پہنچا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں ایشیا اور افریقہ میں ایل ڈی سیزکو درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجوں کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کروں گا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ سب سے کم ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی تبدیلیوں، وبائی امراض کے بعد خوراک اور توانائی کی فراہمی کے سلسلے میں جیو اسٹریٹجک رکاوٹ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ان عالمی واقعات نے انہیں غیر محفوظ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کو پبلک پالیسی کا مرکز بنا کر ایل ڈی سیز کی بہتر خدمت کی جا سکتی ہے۔قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج 2 روزہ دورے کے لئے قطر پہنچ گئے ہیں۔

5 سے 9 مارچ تک منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے دوران کم ترقی یافتہ ممالک میں پائیدار ترقی کو تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا جن سے انہیں خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --