اسلام آباد چیمبر آف کامرس کو ترجیحی بنیادوں پر ریڈیو اور ٹی وی چینل کا لائسنس دیں گے۔ محمد سلیم بیگ

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کو ترجیحی بنیادوں پر ریڈیو اور ٹی وی چینل کا لائسنس دیں گے۔ محمد سلیم بیگ

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور چیمبر کی طرف سے اپنا ریڈیو اور ٹی وی چینل شروع کرنے کے امور پر ان سے بات چیت کی۔پیمرا کے ڈائریکٹر جنرل لائسنسنگ وکیل خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

 

وفد سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے چیمبر کی طرف سے اپنا ریڈیو اور ٹی وی چینل شروع کرنے کے منصوبے کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ دستاویزی تقاضے پورے کرنے پر وہ ترجیحی بنیادوں پر چیمبر کو ان کا لائسنس جاری کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس اہم منصوبے کی تکمیل کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے کیونکہ چیمبر کی طرف سے یہ ایک مثبت پیش رفت ہے جو کاروباری طبقے اور معیشت کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس غیر ملکی یونیورسٹیوں کے ساتھ روابط قائم کر کے طلبا کو خاص طور پر بزنس کی معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

 

 

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے چیئرمین پیمرا کو ریڈیو اور ٹی وی چینل قائم کرنے کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان چینلز کا مقصد نوجوان نسل کو کاروبار کی راغب کرنا اور ان میں برآمدات کے فروغ کی اہمیت کا شعور کو اجاگر کرنا جن کی اس وقت ملک کو اشد ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ ان چینلز کے ذریعے نوجوانوں میں بزنس رول ماڈلرز کو فروغ دیا جائے گا تا کہ ہماری نوجوان نسل کاروبار کی طرف راغب ہو اور نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے اپنا کاروبار شروع کر کے دوسروں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کہا کہ یہ چینلز اس قومی ذمہ داری کو پورا کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان چینلز کے ذریعے پاکستان کی کاروباری اور معاشی صلاحیت کو اجاگر کیا جائے گا تا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ممتاز کاروباری شخصیات اور ماہر ین معاشیات کو ریڈیو اور ٹی وی چینل پر مدعو کیا جائے گا تا کہ پاکستان کی معیشت کو درپیش اہم مسائل پر بات چیت کی جائے اور ان کا بہتر حل تلاش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان چینلز کے ذریعے بزنس کمیونٹی میں بھی مختلف کاروباری اور معاشی امور کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کی جائے گی تا کہ وہ اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے اور پاکستان کیلئے برآمدات کی نئی مارکیٹیں تلاش کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیمرا کے تعاون سے چیمبر جلد اپنا ریڈیو اور ٹی وی چینل شروع کرنے میں کامیاب ہو گا۔

 

چیمبرکے نائب صدر انجینئر اظہر اسلام ظفر نے کہا کہ موجودہ ذرائع ابلاغ پہ عام طور پر پاکستان کے منفی پہلوؤں کو نشر کیا جاتا ہے جبکہ چیمبر کے ریڈیو اور ٹی وی چینلز کے ذریعے پاکستان کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا تا کہ قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا سافٹ امیج فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کاروبار کے شعبے میں بہت سے افراد نے اپنی محنت آپ کے تحت بے مثال ترقی کی ہے اور چیمبر ان کی کامیابیوں کو بھی اجاگر کرے گا۔

 

چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے لیکن معاشرے میں ان کو وہ عزت و مقام نہیں دیا جاتا جس کی وہ مستحق ہے لہذا ان چینلز کے ذریعے بزنس کمیونٹی کی عزت ووقار کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ پیمرا کو ان ٹی وی چینلز کے خلاف ایکشن لینا چاہیے جو معاشرے کو تقسیم کر رہے ہیں کیونکہ پاکستان کو موجودہ سیاسی و معاشی بحران سے نکلنے اور استحکام کی طرف بڑھنے کیلئے قومی یکجہتی و اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ اشفاق حسین چھٹہ، محمد شبیر، اختر حسین عباسی، امتیاز عباسی، اور دیگر وفد میں شامل تھے۔

-- مزید آگے پہنچایے --