نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میچز کے اخراجات کی منظوری دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی پر پچھلے سال 60 کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا پچھلے سال پی ایس ایل میچز کے لیے لائٹس اور باقی چیزوں پر پنجاب حکومت کا 60 کروڑ روپے لگا تھا، اب نگران حکومت ہے اور ہمیں کہا گیا ہے کہ آپ پیسے خرچ نہیں کر سکتے۔
پی ایس ایل میچز کے لیے 45 کروڑ روپے کی ادائیگی سے متعلق سوال پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا پوری کابینہ یہاں کھڑی ہے، کابینہ پی ایس ایل میچز کے اخراجات کی منظوری دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔
پی ایس ایل کی کراچی منتقلی سے متعلق سوال پر محسن نقوی کا کہنا تھا مجھے اس بارے میں نہیں پتا۔خیال رہے کہ حکومت پنجاب نے پی ایس ایل میچز کے لیے پی سی بی سے اخراجات کی مد میں 45 کروڑ روپے کا مطالبہ کر رکھا ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے پی سی بی کا مؤقف ہے اگر حکومت پنجاب نے رقم کی ادائیگی کا مطالبہ واپس نہ لیا تو پی ایس ایل کے میچز کراچی منتقل کر دیے جائیں گے۔